پہلی بار امریکا میں آئی فونز استعمال کرنے والوں کی تعداد اینڈرائیڈ صارفین سے زیادہ ہوگئی

پہلی بار امریکا میں آئی فونز استعمال کرنے والے افراد کی تعداد اینڈرائیڈ صارفین سے زیادہ ہوگئی ہے۔اسمارٹ فونز کا ڈیٹا اکٹھا کرنے والی کمپنی کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ جون 2022 میں امریکا میں اسمارٹ فونز استعمال کرنے والوں میں آئی فون صارفین کی شرح 50 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔یہ پہلی بار ہے جب امریکی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ایپل کے آئی فونز کا شیئر 50 فیصد تک پہنچا۔2000 کی دہائی میں جب آئی فون کو متعارف کرایا گیا تو اس وقت بھی ایپل کا مارکیٹ شیئر 50 فیصد تک نہیں پہنچ سکا تھا۔اس وقت دیگر کمپنیاں مارکیٹ پر چھائی ہوئی تھیں اور 2010 میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرائے جانے کے بعد عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ پر گوگل کا غلبہ ہوگیا تھا۔اب بھی دنیا بھر میں اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کا مارکیٹ شیئر 70 فیصد سے زیادہ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ایپل کا ایک بڑا سنگ میل ہے اور ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں دنیا کے مختلف ممالک میں بھی ایسا دیکھنے میں آئے۔یہ خیال رہے کہ ایپل کے آئی فونز ہمیشہ سے دیگر مارکیٹس کے مقابلے میں امریکا میں زیادہ فروخت ہوتے ہیں۔