اسلام آباد؛چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کی جدو جہد آزادی مضبوط ہو چکی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لکھا کہ 5 اگست 2019 کو مودی سرکار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کر دیا۔ اس کے بعد مودی حکومت نے چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا اور مقبوضہ جموں کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر دی، انہوں نے سوچا کہ اس طرح کرنے سے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کے جذبے کو دبایا جا سکے گا۔
On 5 Aug 2019 Modi govt violated UN SC resolutions & int law by illegally revoking Special Status of IIOJK. Modi govt then moved to commit a war crime under Fourth Geneva Convention by altering demography of IIOJK. They assumed the moves would crush spirit of Kashmiri resistance
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 5, 2022
انہوں نے مزید لکھا کہ ہم سے کہا جاتا ہے کہ معاشرے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرنے کے لیے آواز بلند کریں لیکن جب بات بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی آتی ہے تو ان ہی قوتوں کو چپ لگ جاتی ہے کیونکہ ایک بڑی مارکیٹ ہے یا پھر وہ ان کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی مضبوط ہو چکی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین ہونے کے باوجود بین الاقوامی برادری کی بھارتی ظلم و بربریت پر خاموشی اور اخلاقیات کا مخصوص درس قابل مذمت ہے۔