اب عمران کے ساتھ کیا ہونے جا رہا ہے،طلال چودھری نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جرم ثابت ہو چکا، سزا کا تعین باقی ہے، جو جرم ثابت ہوا ہے اس پر پارٹی پر پابندی، عمران خان کی نااہلی کی سزا ہو سکتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ رقم برآمد کی جائے گی، مزید لوگ جو ملوث ہیں وہ گرفتار ہوں گے اور انہیں سزا ہو گی، یہ چاروں کام کرنے کے لیے ڈیکلیریشن سپریم کورٹ بھیجا جائے گا، ایف بی آر، ایف آئی اے اور دیگر مالیاتی اداروں کی مدد سے تحقیقات ہوں گی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ اس معاملے کو مزید طول نہیں دیا جائے گا، تحقیقات جلد مکمل ہوں گی، یہ آخری کیس نہیں اس کے بعد بھی خان صاحب نے چاند چڑھائے ہوئے ہیں، اس لاڈلے کو پوچھتے پوچھتے 8 سال ہو گئے، اب حکومت اپنی ذمے داری ادا کرے گی۔انکا کہنا ہے کہ حکومت میں آتے ہی اپنے قلم سے وہ تمام ظلم اور جبر جو نواز شریف یا کسی کارکن پر ہوا ختم کر دینا چاہیے تھا، ہم نے نظام کو ایک اور موقع دیا، خصوصاً انصاف کے نظام کو کہ وہ اپنی تصحیح کرے، نواز شریف بالکل واپس آئیں گے اور ان کا حق ہے کہ وطن واپس آئیں، وہ اگلے انتخابات سے پہلے وطن واپس آئیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کو صادق اور امین بنایا گیا جن میں شرعی اور دنیاوی عیب ہیں، انصاف کا نظام اگر صحیح طرح کام کرتا تو عمران خان ریاست کے والی نہ ہوتے۔